بھٹکل 16 جولائی (ایس او نیوز) منگل شام کو بھٹکل میں چلی طوفانی ہواؤں کے بعد رابطہ تعلیمی ایوارڈ پروگرام کا دوسرا سیشن کل کے لئے ملتوی کردینا پڑا کیونکہ دو تین منٹ تک چلی تیز ہواوں کے نتیجے میں انجمن آباد میں منعقدہ پروگرام کے اسٹیج کی ٹین سے بنائی گئی عارضی چھت کی بعض شیٹس تتر بتر ہوگئی، ایک دو شیٹس اڑ کر دور جاگری، کرسیاں بکھر گئیں اور بعض جگہوں پر بارش کا پانی اندر رسنا شروع ہوگیا۔
بدلتے موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے احتیاطی طور پر رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری جناب عتیق الرحمن منیری نے دیگر اراکین سے مشوروں کے بعد فوری طور پر پروگرام کے دوسرے سیشن کو جو شام 4:30 بجے شروع ہونے والا تھا، کل شام 4:30 بجے کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
جناب عتیق الرحمن منیری نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ جس طرح آج مختلف مقامات سے انجمن آباد کے لئے سواریوں کا انتظام کیا گیا تھا، کل بھی سواریوں کا انتظام رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کل کے سیشن میں بھی مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما مولانا سجاد نعمانی اور اتر کنڑا ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال وئیدیاخطاب فرمائیں گے۔ انہوں نے عوام الناس سے آج صبح کی طرح کل بدھ شام کو بھی کثیر تعداد میں پروگرام میں شریک ہونے اور ہونہار طلبہ کی تہنیت کے دوران ان کی ہمت افزائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
یاد رہے کہ کل شام دوسرے سیشن کا پروگرام بھی ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔